وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور لمز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 23 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے ساتھ ٹیکنالوجی فار پیپل انیشی ایٹو (ٹی پی آئی۔لمز) کے ذریعے مفاہمتی یادداشتِ ایم او یوپر دستخط کئے ہیں تاکہ پاکستان میں ڈیجیٹل گورننس اور انوویشن کو فروغ دیا جا سکے۔ہفتہ کووزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ معاہدہ سائبر سیکیورٹی، پالیسی انوویشن، ڈیجیٹل سروس ڈیلیوری، سرکاری شعبے کا انفراسٹرکچر، تحقیق و مشاورت، پروڈکٹ ڈویلپمنٹ اور استعدادِ کار میں اضافے پر مشترکہ تعاون کو بیان کرتا ہے، جس میں خواتین کی شمولیت اور ڈیجیٹل مہارتوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ نے معاہدے پر دستخط کئے اور اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری پبلک ڈیجیٹل سسٹمز کو مزید محفوظ بنانے، انوویشن کو فروغ دینے اور عوام دوست حل فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون جامع اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل پاکستان کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔

وائس چانسلر لمز ڈاکٹر علی چیمہ نے کہا کہ یونیورسٹی حکومت کے ساتھ اس اشتراک پر پرجوش ہے تاکہ گورننس اور ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے عوامی مشن کو مزید تقویت دی جا سکے۔ ڈائریکٹر ٹی پی آئی لمز عثمان خان نے کہا کہ اس اشتراک کے ذریعے لمز کی کثیر الجہتی صلاحیتیں زیادہ مؤثر حل فراہم کریں گی اور حکومت کو ترقی، اقتصادی استحکام اور معاشرتی خوشحالی کے مقاصد حاصل کرنے میں مدد دیں گی۔یہ اشتراک شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔