محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی ون ڈے رینکنگ میں بہتری

محمد رضوان 592 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 27ویں سے 25ویں نمبر پر آگئے‘ فخر زمان 584 پوائنٹس کے ساتھ 28ویں نمبر پر برقرار

جمعرات 28 اگست 2025 23:49

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاکستان کے ون ڈے کپتان محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی ون ڈے رینکنگ میں بہتری ہوئی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق محمد رضوان 592 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 27ویں سے 25ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ فخر زمان 584 پوائنٹس کے ساتھ 28ویں نمبر پر برقرار ہیں۔آل راؤنڈر سلمان آغا اور امام الحق بھی بالترتیب 38ویں اور 40ویں نمبر پر موجود ہیں۔

صائم ایوب 503 پوائنٹس کے ساتھ 55ویں نمبر پر براجمان ہیں، عبداللہ شفیق 419 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجے تنزلی کے بعد 99ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ھارت کے شبمن گل (784 پوائنٹس) اور روہت شرما (756) ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں، پاکستان کے بابر اعظم 739 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

بولنگ رینکنگ میں شاہین آفریدی 593 پوائنٹس کے ساتھ بھارت کے محمد سراج کے ساتھ ایک درجہ ترقی کرکے مشترکہ 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

حارث رؤف 29 ویں، ابرار احمد 39 ویں اور نسیم شاہ 491 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ بہتری کے ساتھ 45 ویں نمبر پر ہیں۔ اسپنر محمد نواز تنزلی کے ساتھ 67 ویں جبکہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر 410 پوائنٹس کے ساتھ 75 ویں نمبر پر آگئے۔بولرز رینکنگ میں کیشو مہاراج پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ سری لنکا کے مہیش تھیکشانا دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، بھارت کے کلدیپ یادیو تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔