فرحان سعید اور کنزا ہاشمی کی نئی جوڑی کو ناظرین نے مسترد کردیا

ناظرین فرحان سعید کے ساتھ کسی اور نئی ہیروئن کو دیکھنا چاہتے ہیں

جمعرات 28 اگست 2025 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاکستانی اداکار فرحان سعید اور کنزا ہاشمی کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم لڈو کے اعلان پر ناظرین نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ستارے حال ہی میں ڈرامہ شیریں فرہاد میں ایک ساتھ نظر آئے تھے جو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوا تھا۔فرحان سعید، جو اپنے کیرئیر میں اڈاری، میرے ہمسفر اور سنو چندا جیسے ہٹ ڈراموں سے لوگوں کے دلوں پر راج کرتے رہے ہیں، ان دنوں اپنی بہترین کارکردگی نہیں دے پارہے۔

ان کے مداح ان کے نئے منصوبوں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔دوسری جانب کنزا ہاشمی اپنے منفرد کرداروں اور پرکشش شخصیت کی وجہ سے مقبول ہیں۔ انہوں نے خوشبو میں بسے خط اور شیریں فرہاد جیسے ڈراموں میں اپنے فن کا جادو جگایا ہے۔

(جاری ہے)

نئی فلم لڈو علی معین اور ابو علیحہ کی تحریر اور ابو علیحہ کی ہدایتکاری میں بن رہی ہے، جس میں کراچی کے حقیقی پس منظر کو پیش کیا جائے گا۔

تاہم ناظرین اس جوڑی کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے پر تیار نہیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں کا کہنا ہے کہ ایک اور فلاپ فلم، ناکام ڈرامے کے بعد پھر کنزا ہاشمی کے ساتھ کیوں اور دوستی کے لیے نہیں، اچھے کام کے لیے کسی اور کے ساتھ کام کریں۔یہ واضح ہے کہ ناظرین فرحان سعید سے کسی نئی ہیروئن کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں، کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ کنزا ہاشمی کے ساتھ ان کی کیمسٹری کام نہیں کر رہی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ لڈو فلم ان تاثرات کو بدل پاتی ہے یا نہیں۔