پاپڑ بنانے والی دو کمپنیز کوایک لاکھ روپے جرمانہ ،آزاد کشمیر بھر میں فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی

جمعرات 28 اگست 2025 14:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پاپڑ بنانے والی دو کمپنیز WD Foods کی پراڈکٹس (فراری سنیکس، کراچی بریانی مکس نمکو، چھلا سنیکس) اور KB Foods کی پراڈکٹ (شاہین سلانٹی) لیبارٹری تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں غیر تسلی بخش / مضر صحت پائی گئیں جس پر ہر کمپنیز کومبلغ ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے آزاد کشمیر بھر میں فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔

فوڈ سیفٹی آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ ان کمپنیز کی متذکرہ پراڈکٹس کی فوری ضبطگی عمل میں لاتے ہوئے رپورٹ نظامت خوراک / سیکرٹری فوڈ اتھارٹی کو ارسال کریں۔ اسی طرح فوڈ اتھارٹی ٹیم کوٹلی نے مضر صحت اور غیر معیاری قلفی بنانے والی فیکٹری کو سیل کر دیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری فوڈ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام الناس کو معیاری اشیاء خوردنوش کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے بلا تعطل و با تخصیص کا روائیاں جاری رکھی جائیں گی اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

معزز عدالت العظمی کی جانب سے وقتا فوقتا فوڈ اتھارٹی کو دی گئی ہدایات کی روشنی میں غیر معیاری اشیا جن میں بالخصوص منرل واٹرز، آئل اینڈ گھی، پاپڑا سنیکس، ٹافیاں اور دیگر فوڈ پراڈکٹس شامل ہیں کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا عملہ بلا تخصیص اور فوری کاروائی عمل میں لائے گا۔