چین کا اسرائیل سے غزہ میں فوجی کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ

اسرائیل تمام بارڈر کراسنگ کھولے اور اقوام متحدہ کو مکمل امدادی رسائی دے،گینگ شوانگ

جمعرات 28 اگست 2025 15:44

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں تقریبا 2 ملین افراد انسانی بحران کا شکار ہیں، جبکہ روزانہ درجنوں بے گناہ جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تشدد سے امن ممکن نہیں اور چین تمام شہریوں کو نشانہ بنانے، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹوں کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ تمام بارڈر کراسنگ کھولے اور اقوام متحدہ کو مکمل امدادی رسائی دے۔چین نے دو ریاستی حل کی حمایت دہراتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری جنگ بندی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔