سی ڈی سی اور اے کے ڈی سیکیوریٹیز کے درمیان راست ایگریگیٹر پر معاہدہ

جمعرات 28 اگست 2025 16:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (CDC)نے اے کے ڈی سیکیوریٹیز لمیٹڈ کو اپنے راست ایگریگیٹر پلیٹ فارم میں شامل کرلیاہے۔ جس سے سرمایہ کار محفوظ اور فوری طورپر اپنی رقوم منتقل کرسکیں گے۔ مائیکرولنکس لمیٹڈ کے تعاون سے نافذ کیا گیا یہ اسٹریٹجک انضمام پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں ڈیجیٹلائزیشن ، شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دینے کیلئے سی ڈی سی کے ویژن میں ایک اہم پیش رفت کی عکاسی ہے۔

سی ڈی سی کے ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر اور اے کے ڈی سیکیوریٹیز کی چیئرپرسن حنا جنید ڈھیڈی نے دستخط کیے۔ اس انضمام کے نفاذ کے بعد اے کے ڈی سیکیوریٹیز کے صارفین اس سروس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سسٹم کے تحت سی ڈی سی ہر سرمایہ کار کے ذیلی اکائونٹ کیلئے انٹرنیشنل بینک اکائونٹ نمبر فارمیٹ میں ایک منفرد راست انوسٹمنٹ آئی ڈی جنریٹ کرتی ہے۔

سرمایہ کار کے بینک اکائونٹ میں بطور بینفشری رجسٹرڈ ہونے کے بعدفنڈز براہِ راست بروکر کے کلائنٹ اکائونٹ میں ٹرانسفر کیے جاسکتے ہیں۔ یہ ٹرانزیکشنزرئیل ٹائم میں مکمل ہوتی ہیں اور چند منٹو ں میں فنڈز ٹریڈنگ کیلئے دستیاب ہوتے ہیں۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبرنے کہاکہ راست ایگریگیٹرکو اے کے ڈی سیکیوریٹیز تک توسیع دے کر سی ڈی سی سرمایہ کاروں کے فنڈزکی منتقلی میںاس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ٹرانزیکشنز نہ صرف محفوظ اور فوری ہوں بلکہ قابلِ بھروسہ اور مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے نئے معیارات متعارف کرارہی ہے۔

اس موقع پر اے کے ڈی سیکیوریٹیز کی چیئرپرسن حنا جنید ڈھیڈی نے کہاکہ اس اہم قدم میں سی ڈی سی کے ساتھ شراکت داری ہمارے لیے اعزاز ہے۔ بطور چیئرپرسن سرمایہ کاروں کوسہولت اور اعتماد فراہم کرنے سلوشنز کو فروغ دینے کیلئے میں پرُعزم ہوں ۔ راست کا یہ انضمام اس سفر میں ایک اہم قدم ہے۔ تقریب کے دوران اے کے ڈی سیکیوریٹیز کی ٹیم کو سی ڈی سی کے آسان کنیکٹ پراڈکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو کیپٹل مارکیٹ میں KYCکو آسان بنانے کیلئے آن بورڈنگ ٹول ہے۔

اس موقع پر حنا جنید ڈھیڈی نے اس قدم کو سراہتے ہوئے اے کے ڈی کے مستقبل کے اقدامات میں سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے کیلئے سی ڈی سی کے ساتھ مشترکہ طورپر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اے کے ڈی سیکیوریٹیز کی شمولیت، بروکرز کے انضمام میں ایک اوراضافہ ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا، ڈیجیٹل طورپر بااختیار بنانااور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے بنیادی اسٹرکچر پر اعتماد کو فروغ دینا ہے۔

اب تک محمد منیرمحمد احمد خانانی سیکوریٹیز،چیس سیکیوریٹیز، ای کلیئر سروسز لمیٹڈ، زاہد لطیف خان سیکیوریٹیز اور اسٹینڈرڈ کیپٹل سیکیوریٹیز راست ایگریگیٹرماڈیول میںشامل ہوچکے ہیں اور مزید بروکریج ہاوسزکا بھی جلد شامل ہونے کے توقع ہے۔