حسین حبیب ٹریڈنگ اور ای پی زیڈ اے کے اشتراک سے فائر سیفٹی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 28 اگست 2025 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)حسین حبیب ٹریڈنگ (پرائیویٹ)لمیٹڈ نے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی (ای پی زیڈ ای) کے تعاون اور انویسٹر کوآرڈینیشن کمیٹی (آئی سی سی)کی سرپرستی میں آج ایک اہم اور جامع فائر سیفٹی سیمینار منعقد کیا۔ اس سیمینار کا مقصد صنعتوں میں آگ سے بچا، تحفظ اور ایمرجنسی تیاری کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

اس تقریب میں ای پی زیڈ اے کے افسران، صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور سیفٹی ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ممتاز مقررین نے جدید فائر سیفٹی ٹیکنالوجیز، حفاظتی پروٹوکولز اور ایمرجنسی ریسپانس پلانز پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر سیفٹی کے حوالے سے مسلسل آگاہی اور تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نہ صرف انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے بلکہ سرمایہ اور پیداواری عمل کو بھی محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

سیمینار کے دوران حفاظتی ماہرین نے عملی مثالوں کے ذریعے فائر سیفٹی کے جدید تقاضوں کو اجاگر کیا اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔ شرکا نے اس اجلاس کو نہایت معلوماتی اور رہنمائی پر مبنی قرار دیا۔منتظمین اور صنعتکاروں نے چیئرمین EPZA اے ڈی خواجہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ایسے سیمینار بہتری کی امید پیدا کرتے ہیں اور حادثات سے بچنے کے لیے مزید مربوط اور جدید طریقے اپنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر منتظمین نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف صنعتی برادری میں حفاظتی کلچر کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کے مطابق حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔ شرکا نے ای پی زیڈ اے اور حسین حبیب ٹریڈنگ کی اس مثبت کاوش کو سراہتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :