آئی ایل ٹی20 نے یو اے ای کرکٹ کو بین الاقوامی سطح پر پہچان دلائی، احمد رضا

آج ہمارے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور فخر زمان جیسے اسٹارز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں

جمعرات 28 اگست 2025 23:36

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)دبئی کیپیٹلز کے کوچ احمد رضا نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے اور بین الاقوامی سطح پر نام بنانے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔احمد رضا کے مطابق یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عام کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی دکھا کر سپر اسٹار بنتے ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ ہمارے کیلنڈر کا سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا ایونٹ ہے، اور اس بار پہلی مرتبہ آئی ایل ٹی20 میں نیلامی کا نیا فارمیٹ بھی شامل کیا جا رہا ہے جس سے کھلاڑیوں کو مزید مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کئی کھلاڑیوں نے اس ٹورنامنٹ سے ابھر کر یو اے ای کی قومی ٹیم کو کامیابیاں دلائیں،مثال کے طور پر حیدر علی اور جواداللہ کی کارکردگی نے نہ صرف دبئی کیپیٹلز کو مضبوط کیا بلکہ حالیہ دنوں میں یو اے ای کو بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف کامیابیاں بھی دلوائیں۔

(جاری ہے)

کوچ احمد رضا کے مطابق ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 نے یو اے ای کرکٹ کو بین الاقوامی سطح پر پہچان دلائی ہے۔بیان کے مطابق ہمارے کھلاڑی سیم بلنگز، ڈیوڈ وارنر اور فخر زمان جیسے اسٹارز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں، جس سے ان کا کھیل اور اعتماد مزید نکھرتا ہے۔انہوں نے نئے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں سیام خان، اسرار احمد اور محمد عرفان شامل ہیں اور کہا کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں بڑے نام بن سکتے ہیں۔احمد رضا نے کہا کہ دبئی کیپیٹلز ہمیشہ سے مقامی ٹیلنٹ کو ترجیح دیتی ہے اور اس سال بھی ٹیم میں زیادہ سے زیادہ یو اے ای کھلاڑی شامل کیے جائیں گے۔ پچھلے سیزن کے فائنل میں بھی فاران اور حیدر علی جیسے مقامی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے ٹیم کو چیمپئن بنایا۔