اسلام آباد میں لرزہ خیز واردات، مری کا نوجوان بے دردی سے قتل، لاش تیزاب میں جلا دی گئی‘پولیس نے سراغ لگالیا

جمعرات 28 اگست 2025 22:41

اسلام آباد میں لرزہ خیز واردات، مری کا نوجوان بے دردی سے قتل، لاش تیزاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں مری گھوڑا گلی ملوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان وسیم کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اور اس کی لاش کو ثبوت مٹانے کی غرض سے تیزاب میں جلا دیا گیا۔ پولیس کو جائے واردات سے صرف مقتول کی جلی ہوئی ہڈیاں اور کپڑے ملے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، مقتول وسیم جو پیشے سے ڈرائیور تھا، اسے بکنگ کے بہانے گلبرگ گرین بلایا گیا جہاں پر طیب علی اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔ وسیم کی گمشدگی کی رپورٹ 14 اگست کو تھانہ بھارہ کہو میں درج کرائی گئی تھی۔پولیس نے تفتیش کے دوران CDR (کال ڈیٹیل ریکارڈ) کی مدد سے مرکزی ملزم طیب علی کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا، جس نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وسیم کو قتل کیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے کارروائی کے دوران مقتول کی باقیات، اس کے کپڑے اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔ اب تک دو ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ ایک ملزم، ثناء اللہ، تاحال مفرور ہے۔ پولیس کی جانب سے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور جلد تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔