چلاس ہڈر کے قریب جی بی اسکاوٹس چیک پوسٹ پر فائرنگ، نائب صوبیدار سمیت دو اہلکار شہید، ایک زخمی

جمعہ 29 اگست 2025 08:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) دیامر کے علاقے ہڈر کے قریب جمعہ کو نامعلوم افراد کی جی بی اسکاوٹس کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے باعث نائب صوبیدار سمیت 2 اہلکار شہید جبکہ ایک جوان زخمی ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر دیامر عطاالرحمن کاکڑ کے مطابق تین اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں آر ایچ کیو ہسپتال چلاس منتقل کیا گیا جہاں 2جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور وہ زیر علاج ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے بتایا کہ شہید نائب صوبیدار کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع نگر سے ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر دیامر نے مزید کہا کہ آر ایچ کیو ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عبدالمبین کے مطابق ہسپتال میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں تاکہ زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔