یورپی کمیشن کی سربراہ روس پر برہم ، روسی مندوب کو طلب کر لیا

جمعہ 29 اگست 2025 08:40

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) یوکرین کے دار الحکومت کیف میں روسی ڈرون اور میزائل حملوں میں یورپی کمیشن کے مشن کے ہیڈکوارٹر کو نقصان پہنچنے کے بعد یورپی یونین نے برسلز میں روسی مندوب کو طلب کر لیا۔العر بیہ کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے کہا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کیف پر ہونے والے روسی حملے میں 14 افراد ہلاک ہوئے اور کمیشن کے مشن کو نقصان پہنچا، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ماسکو کو یوکرین کو "خوف زدہ" کرنے سے کوئی چیز نہیں روک سکتی۔

انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ حملہ جولائی کے بعد دارالحکومت میں سب سے زیادہ جان لیوا حملہ تھا، اور یہ ہمارے مشن پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ روس کو یوکرین کو دہشت زدہ کرنے، شہری مردوں، عورتوں اور بچوں کے اندھا دھند قتل اور حتیٰ کہ یورپی یونین کو نشانہ بنانے سے بھی کوئی چیز باز نہیں رکھ سکتی۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق دو میزائل یورپی مشن کے ہیڈکوارٹر سے صرف 50 میٹر کے فاصلے پر، 20 سیکنڈ کے وقفے سے گرے ۔

انھوں نے کہا کہ میں اس بات پر شدید غصے میں ہوں کہ ہمارے مشن کے قریب میزائل گرے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کمیشن روس کے منجمد اثاثوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر کام کرے گا تاکہ یوکرین کی مدد کی جا سکے اور روس پر جلد ہی 19 واں پابندیوں کا پیکیج عائد کیا جائے گا۔