پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوہری تجربوں کے خلاف عالمی دن جمعہ کو منایا گیا

جمعہ 29 اگست 2025 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوہری تجربوں کے خلاف عالمی دن جمعہ 29اگست کو منایا گیا۔ اس دن کا مقصد کئی دہائیوں سے ہونے والے جوہری تجربات سے جانداروں اور ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کے حوالہ سے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے ساتھ ساتھ اآگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔ اس دن کو منانے کی تجویز قازقستان نے پیش کی تھی کیونکہ سابق سویت یونین نے اس سرزمین پر سب سے پہلا جوہری تجربہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

جوہری تجربوں کے خلاف عالمی دن کا مقصد جوہری تجربوں کی پابندی کے جامع معاہدے (سی ٹی بی ٹی) کے متعلق حمایت کی حوصلہ افزائی بھی ہے کیونکہ دنیا بھر کے 153 ممالک نے اس کی توثیق کی ہے لیکن یہ معاہدہ پھر نافذالعمل نہیں کیا جا سکا۔ واضح رہے کہ 1950 سے لے 20ویں صدی کے آخر تک آسٹریلیا سے لے کر امریکہ تک زیرِ زمین، زیرِ سمندر اور زمین کی سطح پر جوہری ہتھیاروں کے ہزاروں تجربات کیے جا چکے ہیں جس سے جانداروں کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے شعبہ کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ عالمی دن کے موقع پر سرکاری، غیر سرکاری اور نجی اداروں اور تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات اور پروگرامز کا انعقاد کیا گیا تاکہ اس حوالہ سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔