فیصل آباد، باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کی کاشت ستمبر اور اکتوبر میں کرنے کی ہدایت

جمعہ 29 اگست 2025 13:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین ترشاوہ اثمارنے باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کی کاشت ستمبر اور اکتوبر میں کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں ترشاوہ پھلوں کازیر کاشت رقبہ 5لاکھ ایکڑ سے زائد ہے جس میں سے پیداوار کا 95فیصدحصہ صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتا ہے جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ،وہاڑی، خانیوال، ساہیوال اورملتان ترشاوہ پھلوں کی پیداوار اور خصوصیات کے اعتبار سے بہترین علاقے تصور کئے جاتے ہیں جہاں سٹرس فروٹ کےلئے درجہ حرارت آئیڈیل رہتا ہے کیونکہ ترشاوہ پھلوں کی کامیاب کاشت کیلئے موزوں ترین درجہ حرات 25سے 35ڈگری سینٹی گریڈ ہے تاہم یہ 40ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت برداشت کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ باغبان ترشاوہ پھلوں کے نئے باغات لگانے سے پہلے 6.8 فٹ کی گہرائی تک زمین کی نچلی سطح کا معائنہ ضرور کروائیں اور اگر زمین کے اندر 4.3 فٹ تک نچلے حصے میں کنکر،ریت، چکنی مٹی کی تہہ نہ ہو تو زمین زیادہ موزوں ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ ترشاوہ پھلوں کو میرا قسم کی زمین جس میں نامیاتی مادہ کی مقدار ایک فیصد تک ہو اور تھوڑی مقدار میں چونا بھی ہو بہتر تصور کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں کے پودوں کی افزائش نسل بیج، قلم، داب اور چشمہ کے ذریعے ہوتی ہے کیونکہ بیج سے پودا تیار کرنا آسان ہے لیکن پودے صحیح نسل کے نہیں ہوتے۔ انہوں نے باغبانوں کو سفارش کی کہ وہ ترشاوہ پھلوں کے نئے باغات لگانے کیلئے تجویز کردہ زمین اور ٹیوب ویل کے پانی کا تجزیہ کروائیں۔انہوں نے بتایاکہ آبپاشی کیلئے وافر نہری پانی کی فراہمی بہت ضروری ہے نیزمنتخب شدہ کھیت برلب سڑک ہو تاکہ منڈی تک پھل کی ترسیل میں آسانی رہے۔

انہوں نے کہاکہ باغبان ترشاوہ پھلدار پودے لگانے کےلئے کھیت کو لیزر سے ہموار کرنے کے بعد سبز کھاد بنانے والی فصلیں کاشت کرکے روٹا ویٹ کریں۔انہوں نے بتایاکہ ترشاوہ پودے لگانے کا بہترین وقت ستمبر اور اکتوبر ہے کیونکہ اس موسم میں پودوں کے مرنے کا احتمال بہت کم ہوتا ہے۔