Live Updates

پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی صحت کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ڈاکٹر نوید احمد سڈل

جمعہ 29 اگست 2025 13:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرہ عوام کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر صحت کی ہدایات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے ایمرجنسی پلان فعال کرتے ہوئے تمام ہسپتالوں اور طبی عملے کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث سیلاب نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے لیکن پنجاب حکومت نے نہایت بروقت اور مؤثر اقدامات اٹھاتے ہوئے نہ صرف متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے بلکہ ان کے لیے صحت کے محاذ پر بھی فوری اقدامات کیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر ایمرجنسی میڈیکل کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں جہاں مریضوں کا مفت معائنہ اور ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی اور صوبائی حکومت کی مؤثر پالیسیوں کی بدولت سیلاب زدہ عوام کو درپیش صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب نے ڈینگی، ملیریا، ہیضہ، گیسٹرو اور دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری طور پر ویکٹر کنٹرول مہم کا آغاز کر دیا ہے، متاثرہ علاقوں میں سپرے مہم جاری ہے جبکہ ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں خصوصی میڈیکل ٹیمیں تشکیل ، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو اضافی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہ، ایمرجنسی وارڈز کو مزید فعال بنا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرہ افراد کو فوری علاج مہیا کیا جا سکے۔ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی ہمیشہ عوامی خدمت اور فلاح پر مبنی رہی ہے اور موجودہ صورتحال میں عوام کو یہ باور کرانا ضروری ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی اور ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں اور یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت پنجاب عوامی خدمت کے اپنے وعدے پر پورا اتر رہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، پانی ابال کر استعمال کریں، کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ کر رکھیں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی میڈیکل کیمپ یا ہسپتال سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کی ٹیمیں دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں اور یہ سلسلہ حالات کے مکمل معمول پر آنے تک جاری رہے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات