تائیوان کو آزادی اور خود ارادیت کا حق حاصل ہے، امریکی سینیٹر راجر وِکر کا بیان

جمعہ 29 اگست 2025 13:50

تائی پے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) امریکی سینیٹر راجر وِکر نے کہا ہے کہ تائیوان کو ایک آزاد ملک کی حیثیت سے اپنی خودمختاری برقرار رکھنے اور خود ارادیت کے حق کو محفوظ رکھنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ رائٹرز کے مطابق وہ اس وقت تائیوان کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے صدر لائی چنگ-تے سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

سینیٹر راجر وِکر، جو امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین ہیں، نے تائی پے میں صدراتی دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہا کہ ہم امریکی کانگریس کی طرف سے ایک پُرعزم پیغام، دیرینہ دوستی، اور اس عزم کے ساتھ آئے ہیں کہ تائیوان جیسے آزاد ملک کو آزاد رہنے اور خود ارادیت کو برقرار رکھنے کا پورا حق حاصل ہے۔

ان کے ساتھ نیبراسکا کی سینیٹر ڈیب فشر بھی دورے پر موجود ہیں۔سینیٹر وِکر نے تائی پے کے سونگ شان ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سینیٹ اگلے ہفتے نیشنل ڈیفینس آتھرائزیشن ایکٹ (این ڈی اے اے ) پر غور کرے گی، جو تقریباً 1 کھرب امریکی ڈالر کا دفاعی بجٹ ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ رواں سال کا این ڈی اے اے تائیوان سے متعلق دفعات میں مزید اضافہ کرے گا۔