جرمنی کی اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت

جمعہ 29 اگست 2025 14:00

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ایران پر پابندیوں کے بعد جرمنی نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت دے دی۔ رائٹرز کے مطابق جرمن حکومت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایران سے روانہ ہو جائیں اور فی الحال ایران کا سفر نہ کریں، تاکہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے معاملے پر ایرانی ردعمل سے محفوظ رہ سکیں۔

(جاری ہے)

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے جمعرات کو ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کے لیے 30 روزہ عمل شروع کیا ہے۔ جرمن وزارتِ خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ چونکہ ایرانی حکام نے بارہا نتائج کی دھمکی دی ہے، اس لیےاس امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا کہ ایران میں موجود جرمن شہری اور مفادات جوابی اقدامات کا نشانہ بن سکتے ہیں۔وزارت نے مزید خبردار کیا کہ فی الحال تہران میں واقع جرمن سفارت خانہ صرف محدود قونصلر خدمات فراہم کر رہا ہے۔