برطانیہ نے اسرائیلی حکام کو سب سے بڑے دفاعی تجارتی شو میں شرکت سے روک دیا

جمعہ 29 اگست 2025 14:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) برطانیہ نے اسرائیلی حکام کو سب سے بڑے دفاعی تجارتی شو میں شرکت سے روک دیا۔ رائٹرز کے مطابق برطانوی حکومت نے غزہ میں جاری جنگ میں اسرائیل کی شدت پسندی کے پیشِ نظراسرائیلی حکام کو ملک کے سب سے بڑے دفاعی تجارتی میلے "ڈیفنس اینڈ سکیورٹی ایکوئپمنٹ انٹرنیشنل (ڈی ایس سی آئی ) میں شرکت سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام برطانیہ کی جانب سے اپنے تاریخی اتحادی پر دباؤ ڈالنے کی تازہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔برطانوی حکومت کے ترجمان نے کہاکہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ میں فوجی کارروائیوں میں مزید شدت لانا ایک غلط فیصلہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہاسی وجہ سے ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ڈی ایس سی آئی یوکے 2025میں اسرائیلی سرکاری وفد کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔ترجمان نے زور دیا کہ اس تنازع کا فوری سفارتی حل نکالنا ہوگا، جس میں فوری جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کے عوام کے لیے انسانی امداد میں اضافہ شامل ہو۔