ڈی پی اومانسہرہ نے ٹریفک میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف نوٹس لے لیا

جمعہ 29 اگست 2025 15:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ٹریفک میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف نوٹس لے لیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے۔ترجمان کے مطابق مانسہرہ پولیس کے آفیشل فیس بک پیج کے میسنجر پر ایک ویڈیو موصول ہوئی جس کے ساتھ 25 سے 30 دکانداروں کے دستخط پر مشتمل ایک تحریری درخواست بھی منسلک تھی،ویڈیو میں دکھایا گیا کہ مانسہرہ بازار میں سڑک کے دونوں اطراف غیرقانونی اڈے قائم ہیں جن کی وجہ سے عام عوام،خصوصاً خواتین،بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈی پی او مانسہرہ کے احکامات کی روشنی میں ایس پی ٹریفک شاہنواز خان کی نگرانی میں انسپکٹر ٹریفک انس خان بمعہ دیگر اہلکاروں کے موقع پر پہنچے اور فوری کارروائی عمل میں لائی ۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا اور سڑک پر رکھے گئے پتھر ہٹائے گئے ،دونوں فریقین کے درمیان مسئلے کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا۔

اس موقع پر شہریوں کو متنبہ کیاکہ آئندہ نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے یا کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے پرقانونی کارروائی عمل کی جائے گی۔ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے واضح کیا کہ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔