کچھی ،ڈپٹی کمشنر کچھی زیر صدارت مچھ میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 29 اگست 2025 15:50

کچھی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد مندوخیل کی زیر صدارت مچھ میں کھلی کچہری منعقد ہوئی ،جس میں ایف سی 135 ونگ مچھ کے کرنل عمیر علی راجہ، اے سی مچھ، ڈی ایس پی مچھ محمد اکبر بگٹی، ایس ایچ او مچھ پولیس محمد حنیف کشکوری، ایس ایچ او لیویز مچھ لیاقت علی رئیسانی سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

کھلی کچہری میں نیشنل پارٹی مچھ کے رہنما کامریڈ خدائے رحیم بلوچ، پریس کلب مچھ کے صدر حاجی غلام سرور تالپور، کونسلر میر فاروق عزیز کرد، کونسلر آغا گل اور دیگر نمائندوں نے اجتماعی و انفرادی مسائل پیش کرتے ہوئے تحریری درخواستیں جمع کرائیں۔ ڈی سی کچھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے اسپیشل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت مچھ کے تمام ہائی اسکولوں کی مرمت اور بجلی و پانی کے مسائل کے حل کیلئے فی اسکول 30 سے 40 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں مچھ پل کی حفاظتی دیواروں اور مرمت کیلئے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، کھیلوں کے میدانوں کی فعالیت کیلئے 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ،پریس کلب مچھ کی عمارت اسپیشل ڈویلپمنٹ فنڈز سے تعمیر کی جائے گی ڈی ایچ کیو اسپتالوں میں سولر سسٹم نصب کر کے مسنگ سہولیات فراہم کی جائیں گی، مچھ نیو اسپتال کو مستونگ کے غوث بخش اسپتال کے طرز پر فعال بنایا جائے گا، پیر پنجہ بولان شاہراہ پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کیلئے 6 لیویز اہلکار مستقل بنیادوں پر تعینات کیے جائیں گے ۔

مزید کہا گیا کہ غیر حاضر اساتذہ، ڈاکٹرز اور سرکاری ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ مچھ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کا مسئلہ بھی جلد حل کیا جائے گا ،ڈی سی کچھی نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل پر تیل لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ اگر کسی چیک پوسٹ پر اہلکار رشوت وصول کریں تو فوری اطلاع دیں کھلی کچہری میں درجنوں عوامی مسائل پیش ہوئے جن پر ڈی سی نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو فوری احکامات جاری کیے اور اے سی مچھ کو ہدایت دی کہ وہ لوکل کمیٹی اور پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس طلب کریں۔\378