جوہری پروگرام پر اختلافات ،ایران کیساتھ براہ راست مذاکرات کیلئے تیار ہیں، امریکا

جمعہ 29 اگست 2025 15:50

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)امریکا نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ براہ راست بات چیت کیلئے تیار ہے تاکہ جوہری پروگرام پر اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہاکہ امریکا اب بھی ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کیلئے دستیاب ہے تاکہ ایران کے جوہری معاملے کا پرامن اور دیرپا حل تلاش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے عمل کے آغاز کے باوجود امریکا سفارت کاری سے پیچھے نہیں ہٹا۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدام ہماری مخلصانہ سفارتی کوششوں کی نفی نہیں کرتا، بلکہ انہیں مزید تقویت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایرانی قیادت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ فوری اقدامات کریں تاکہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے، امن کی راہ اپنائے، اور ایرانی عوام کے لیے خوشحالی کی راہیں ہموار کرے۔