کراچی، بن قاسم میں ٹارگٹ کلنگ، شہید پولیس اہلکار کے قتل کا مقدمہ درج

مقدمے میں قتل، اشتراکِ جرم اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات دفعہ 302، 34 اور 7 اے ٹی اے شامل کی گئی ہیں

جمعہ 29 اگست 2025 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)شہر قائد کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل میترو خان کے قتل کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، مقدمہ نمبر 355/2025 اے ایس آئی تراب شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مقدمے میں قتل، اشتراکِ جرم اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات دفعہ 302، 34 اور 7 اے ٹی اے شامل کی گئی ہیں۔مقتول میترو خان شاہ لطیف تھانے میں تعینات اور 9 بچوں کا باپ تھا، مقتول بدھ کی شب ڈیوٹی ختم کرکے گھر پیپری جا رہا تھا، مقتول کو مہران ہائی وے روڈ مری گوٹھ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔واقعے کے بعد پولیس حکام نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جو واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ابتدائی طور پر واردات کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا گیا ہے جس میں شہید اہلکار کو نشانہ بنایا گیا۔