پولینڈ،ریڈوم ایئر شو کی مشق کے دوران ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

جمعہ 29 اگست 2025 23:23

وارسا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)پولینڈ میں ریڈوم ایئر شو کی مشق کے دوران ایک ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ کی فوج نے بتایا کہ وسطی پولینڈ کے شہر ریڈوم میں ایئر شو کی مشق کے دوران ایک ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

دفاعی وزیر ولادیسلاو کوسینیئک-کامیڑ نے حادثے کی جگہ پہنچنے کے بعد ایکس پر لکھا کہ ایک پولش آرمی کے پائلٹ ایف-16 طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے، ایک ایسا افسر جو ہمیشہ اپنے ملک کی خدمت میں لگن اور بے پناہ ہمت کے ساتھ پیش آیا، وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پولینڈ کی افواج کے جنرل کمانڈ نے طیارے کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ پوزنان کے قریب 31 ویں ٹیکٹیکل ایئر بیس سے تعلق رکھتا تھا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی راہ گیر زخمی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ حادثے کے مقام پر فوری طور پر ریسکیو آپریشنز شروع کر دیے گئے تھے۔مقامی میڈیا اور حادثے کے مقام سے حاصل کردہ ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ طیارہ تیزی کے ساتھ نیچے آیا اور زمین سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہوگیا، جس کے بعد سیاہ دھوئیں کے بادل ہر طرف پھیل گئے۔حادثے کے مقام پر ایئر شو دیکھنے آئے لوگوں نے بھی یہ منظر دیکھا اور افسوس کا اظہار کیا۔حادثے کے باعث رن وے کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ایئر شو کے منتظمین نے 30 اور 31 اگست کو ہونے والے ریڈوم ایئر شو کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :