خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عملی تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، صوبائی معاون خصوصی

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عملی تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ پاکستان (پراجیکٹ بائے انسٹیٹیوٹ آف پولیٹیکل ٹریننگ) کے چیئرمین اسامہ ندیم اور کور کمیٹی کے اراکین شاہد، ڈاکٹر سعید، ریحان اور حسن سے ملاقات کے دوران کیا۔

صوبے میں نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل اکنامی، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آؤٹ سورسنگ، مصنوعی ذہانت (AI)، فری لانسنگ، ای۔کامرس اور سائبر سکیورٹی کے میدان میں نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ خیبرپختونخوا کے نوجوان عالمی معیار کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں “ڈیجیٹل ٹریننگ ہبز” قائم کیے جا رہے ہیں جہاں نوجوانوں کو جدید IT اسکلز کی تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنا سکیں اور ٹیکنالوجی بزنسز میں اپنا مستقبل بنا سکیں۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا اور یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے مابین بہت جلد ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوں گے۔