ریوینیو ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن ایک نہایت اہم منصوبہ ہے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

جس کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے،حافظ محمدطارق

جمعہ 29 اگست 2025 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق کی زیر صدارت ریوینیو ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیلدار سٹی، تحصیلدار صدر، تحصیلدار سریاب، تحصیلدار کچلاک کے علاوہ تمام نائب تحصیلداران اور ڈیجٹلائزیشن سیکشن کے ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) کوئٹہ کو اب تک مکمل ہونے والے تمام موضوعات، وارڈز اور محلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈیجٹلائزیشن ٹیم نے اجلاس کو جاری کام کی رفتار، درپیش مسائل اور آئندہ حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) حافظ محمد طارق نے اس موقع پر ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریوینیو ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن ایک نہایت اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہری بروقت اور بآسانی اپنی ضروریات کے مطابق سہولت حاصل کر سکیں۔اجلاس کے دوران تحصیل دفاتر میں درپیش مسائل سے بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا۔ جن پر حافظ محمد طارق نے افسران کو یقین دہانی کرائی کہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ ڈیجٹلائزیشن کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف عوامی مسائل کم ہوں گے بلکہ ریوینیو سسٹم کو جدید اور مؤثر بھی بنایا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :