پنجاب کے مزید چار اضلاع میں واسا ایجنسیاں قائم کر دی گئی ہیں، ترجمان

جمعہ 29 اگست 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر مزید چار اضلاع مری، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور گجرات میں واسا ایجنسیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ہر واسا ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی سربراہی چیئرپرسن کرے گا، جبکہ بورڈ میں ہاؤسنگ، فنانس، لوکل گورنمنٹ اور پی اینڈ ڈی کے نمائندے شامل ہوں گے۔

نمائندوں کا انتخاب متعلقہ محکمے کریں گے۔ترجمان کے مطابق صوبائی اسمبلی کے دو اراکین (ایک مرد اور ایک خاتون)، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر، پنجاب واسا اتھارٹی کا نمائندہ اور تین تکنیکی ماہرین بھی بورڈ میں شامل ہوں گے، جبکہ متعلقہ ایم ڈی واسا بورڈ کا سیکرٹری ہو گا۔