Live Updates

محکمہ صحت و آبادی کی ٹیمیں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھیں، خواجہ عمران نذیر

جمعہ 29 اگست 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر محکمہ صحت و آبادی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کوہیلتھ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ پنجاب میں حالیہ سیلاب اور اربن فلڈنگ کی صورتحال کے پیش نظر پراونشل مینجمنٹ اتھارٹی نے مختلف اضلاع میں الرٹ جاری کیا ہے ۔

ایڈوائزری میں تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو محکمہ صحت و آبادی کے زیر انتظام تمام ڈی ایچ کیو،ٹی ایچ کیو ، آر ایچ سی ، مریم نواز ہیلتھ کلینکس کو 24 گھنٹے فنکشنل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔یہ بات صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے یہاں محکمہ صحت و آبادی کے کمیٹی روم میں تمام سی ای اوز اور ایم ایس حضرات ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے کی۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ صحت و آبادی کی ٹیمیں 24/7 الرٹ رہیں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت و آبادی میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جو دیگر اداروں سے مربوط روابط میں رہے گا تاکہ تازہ ترین سیلابی صورتحال سے آپ ڈیٹ رہا جا سکے۔اجلاس میں پنجاب میں سیلاب کی صورتحال، محکمہ صحت و آبادی کے ہیلتھ ٹیموں کی متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری کے مطابق محکمہ صحت و آبادی کے تمام ہسپتالوں سمیت کلینکس آن ویلز، مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور فیلڈ ہسپتالوں میں میڈیکل و پیرا میڈیکل سٹاف کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنائی جائے اورجان بچانے والی ادویات، سانپ سے کاٹنے کے بچا ، اینٹی ریبیزویکسین، وبائی امراض، جلدی بیماریوں اور دیگر وبا ں کی روک تھام کے لئے ایمرجنسی ادویات کی دستیاب ہونی چاہیے- انہوں نے کہا کہ تمام سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ریلیف کیمپس قائم کریں جہاں سیلاب متاثرین کو 24 گھنٹے طبی سہولیات کی فراہم کی جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویلز فلیٹ فل پیکج کے ساتھ مکمل طور پر فعال رہیں اورمتاثرین کو تمام طبی سہولیات فراہم کریں۔وزیر اعلی پنجاب نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔وزیر اعلی کے حکم پر متاثرہ علاقوں صحت و آبادی کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعلی کے حکم پر متاثرہ علاقوں میں ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں قصور، وزیر آباد، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، اور مظفر گڑھ میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا - اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز فراہم کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت و آبادی کی طرف سے ریلیف کیمپس بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے پنجاب بھر سے فیلڈ ہسپتال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فلڈ وارننگ والے اضلاع پر خصوصی فوکس کیا جائے اور سیلاب سے متاثرہ بی ایچ یوز، ڈی ایچ کیوز، ٹی ایچ کیوز اور آر ایچ سی کی تفصیلات محکمہ کو جلد ارسال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ای اوز اور ایم ایس سے روزانہ کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ لی جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات