Live Updates

ش*فیصل آباد، لوگوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے،کیپٹن (ر) ندیم ناصر

) ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 29 اگست 2025 22:35

- فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا ہے کہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تیسرے روزبھی تاندلیانوالہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پل ماڑی پتن سے پانی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے عالم شاہ اور شیرازا پتن کا بھی دورہ کیا اورفلڈ ریلیف کیمپ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریامیں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کے پیش نظر ریسکیو ٹیمیں، سول ڈیفنس اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں اور شہریوں کے سامان کی منتقلی میں مصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک11 گاؤں خالی کروائے جا چکے ہیں اور3 ہزار سے زائد افراد کے سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں کے لئی6 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں کھانے، پینے اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جانوروں کے لئے چارہ بھی وافر مقدار میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز ریلیف کیمپس سمیت مختلف مقامات پر جا کر متاثرین میں کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں15،ریسکیو 1122، اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر آفس کنٹرول روم کے نمبرز پر کال کر کے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہائی وے سٹاف دریائی پلوں پر چوکس ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے جبکہ عوام کو بار بار اعلانات کے ذریعے دریائی پٹی سے دور رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام محکمے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار 24 گھنٹے اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں اور ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر ایم پی اے قدسیہ بتول، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا موسی، اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ اذکی سحر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت اور انتظامیہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات