Live Updates

کشروٹ یوتھ ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کارروائیاں جاری

جمعہ 29 اگست 2025 23:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) کشروٹ یوتھ ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (KYWDO) نے حالیہ سیلاب میں بری طرح متاثرہ علاقوں تالی داس بالا، ہکس بالا اور ہکس تھنگی کے 56 گھرانوں میں اشد ضروری راشن پیکج تقسیم کیے ہیں۔اس امدادی مہم کا مقصد ان خاندانوں کی فوری بنیادی ضروریات پوری کرنا تھا، جن کے گھر اور روزمرہ کی زندگیاں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

تقسیم کیے گئے راشن پیکجوں میں آٹا، چاول، چینی، دالیں، چائے، تیل، گرم کپڑے، کمبل، رضائیاں اور دیگر ضروری روزمرہ کی اشیاء شامل تھیں۔اس موقع پر تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ درد میں ان کا ساتھ دیں۔ ہماری یہ کوشش ان متاثرہ خاندانوں تک کچھ ریلیف پہنچانا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم مقامی کمیونٹی اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی رضاکاروں کی مدد سے متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچائی گئی۔ انہوں نے مقامی متاثرین کمیٹی، ضلعی انتظامیہ اور تمام رضاکاروں کا اس کامیاب مہم پر شکریہ ادا کیا۔سیلاب سے متاثرہ خاندانوں نے کشروٹ یوتھ ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی اس کارروائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔کشروٹ یوتھ ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن عوام الناس سے اپیل کرتی ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنا حصہ ڈالیں، تاکہ ان کی بحالی کے عمل کو مزید بہتر اور تیز کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :