راجر بنی کے عہدہ چھوڑنے پر راجیو شکلا بی سی سی آئی کے عبوری صدر مقرر

ہفتہ 30 اگست 2025 12:39

راجر بنی کے عہدہ چھوڑنے پر راجیو شکلا بی سی سی آئی کے عبوری صدر مقرر
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)بھارتی سیاست دان، سابق صحافی، سیاسی مبصر اور انڈین پریمیئر لیگ کے سابق چیئرمین راجیو شکلا بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عبوری صدر مقرر کر دیے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) میں بڑی تبدیلی سامنے آئی ہے۔صدر راجر بنی نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے جس کے بعد نائب صدر راجیو شکلا نے بطور عبوری صدر چارج سنبھال لیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق راجر بنی 19 جولائی کو 70 سال کے ہو گئے تھے، بی سی سی کے آئین کے مطابق صدر کی عمر 70 سال سے زائد نہیں ہو سکتی۔بھارتی میڈیا کے مطابق راجیو شکلا اس ذمہ داری کو آئندہ انتخابات تک سنبھالیں گے جو کہ ستمبر میں متوقع ہیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے صدر کا انتخاب سالانہ جنرل کونسل میٹنگ میں ہو گا۔یاد رہے کہ 2015ء میں بی سی سی آئی نے راجیو شکلا کو متفقہ طور پر آئی پی ایل کا چیئرمین مقرر کیا تھا جبکہ دسمبر 2020ء میں وہ بی سی سی آئی کے نائب صدر کے طور پر بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ اب بطور قائم مقام صدر وہ بورڈ کے تمام انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔