Live Updates

سیالکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی مرمت و بحالی کا سلسلہ جاری

ہفتہ 30 اگست 2025 13:45

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) سیالکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی مرمت و بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں آمدورفت کا نظام شدید متاثر کیا تھا، تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی امور چوہدری ارمغان سبحانی کی خصوصی ہدایات پر علاقہ بجوات کے 85 دیہات کو سیالکوٹ شہر سے ملانے والا ایک اہم پل جو سیلابی پانی کے باعث بہہ گیا تھاوہاں دوبارہ عارضی پل تعمیر کیا جا رہا ہے۔

اس پل کی بحالی کے بعد دیہی آبادی کا شہر سے رابطہ بحال ہو جائے گا جس سے زرعی پیداوار کی ترسیل اور عوام کی آمدورفت میں بڑی سہولت ہوگی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز چپراڑ روڈ پر دو بہہ جانے والی دو پلیوں کی مرمت کر کے چپراڑ روڈ کا سیالکوٹ شہر سے رابطہ بحال ہو گیا ۔سیالکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ دیہات کے مکینوں کو ہنگامی بنیادوں پر آمدورفت کی متبادل سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ بحالی کے دوران مشکلات کم سے کم ہوں۔وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی امور چوہدری ارمغان سبحانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی کوششوں سے سیلاب سے متاثرہ تمام بنیادی ڈھانچے کی بحالی جلد مکمل کر لی جائے گی۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :