Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ مکمل ہوتے ہی فلڈ ریلیف کیمپ کو تالا

دورے کے بعد کیمپ ختم کرکے سامان واپس بھجوادیا گیا، متاثرین بھی کھانا کھا کر لوٹ گئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 اگست 2025 14:14

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ مکمل ہوتے ہی فلڈ ریلیف کیمپ کو تالا
وزیرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دورہ مکمل ہوتے ہی سوہدرہ فلڈ ریلیف کیمپ کو تالا لگ گیا۔ دنیا نیوز کے مطابق وزیر آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورے سے پہلے انتظامیہ کی جانب سے سوہدرہ کے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں خیمے، کرسیاں، گدے، دوائیاں اور کھانا لا کر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس ریلیف کیمپ میں موجود سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کا دورہ مکمل ہوتے ہی اس کیمپ کو ختم کرکے سامان واپس بھجوادیا گیا، متاثرین بھی کھانا کھا کر لوٹ گئے اور کیمپ کو تالا لگادیا گیا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے مؤقف اختیار کیا کہ ’سیلاب متاثرین کھانا کھانے کے بعد واپس چلے گئے ہیں، اب صبح دوبارہ ڈاکٹر اور سٹاف بیٹھے گا‘، اسی طرح پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی کہا کہ ’متاثرین دن کے اوقات میں کیمپ میں آتے ہیں وہاں کھانا کھاتے ہیں اور طبی سہولت حاصل کرنے کے بعد چلے جاتے ہیں کیوں کہ رہنے کیلئے متاثری کی طرف سے اپنے رشتے داروں کے گھروں کو ترجیح دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں کئی مقامات پر دریاؤں کے بند ٹوٹ نے سے بستیاں زیر آب آگئیں، دریائے راوی، چناب اور ستلج کے بپھرنے سے پنجاب کے 1769 موضع جات زیر آب آگئے، صوبے میں 15 لاکھ کے قریب افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جس کے باعث تلوار پوسٹ سے ملحقہ دیہات خالی کرانے کے لیے اعلانات کیے گئے، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 3 ہزار 828 کیوسک ہے جہاں ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر اب بھی سیلابی خطرات موجود ہیں جب کہ دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بہاؤ ایک لاکھ 92 ہزار 545 کیوسک تک جا پہنچا، ہیڈ سدھنائی پر بھی پانی میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر بھی پانی کی آمد بڑھ رہی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے کے باعث چشتیاں کے نواحی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی یہاں سینکڑوں بستیاں زیر آب آگئیں، بند ٹوٹنے سے پانی گھروں اور آبادیوں میں داخل ہو گیا، بستی میروں بلوچاں، موضع عظیم، قاضی والی بستی، بستی شادم شاہ اور دلہ عاکوکا سمیت کئی بستیاں شدید متاثر ہوئیں جس کے باعث علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں لوگوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکال رہی ہیں ،تاہم کئی مقامات پر فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں، گنے اور تل کی فصلیں شدید متاثر ہونے سے کسانوں کو بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات