ربیع الاول اتحاد و یکجہتی کا پیغام ہے، ڈی سی اٹک

ہفتہ 30 اگست 2025 16:08

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا ہے کہ ربیع الاول رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں سرور کائنات حضرت محمد ﷺ دنیا میں تشریف لائے۔ یہ مہینہ اتحاد و ایثار کا درس دیتا ہے اور اسی اتحاد کے ذریعے ہم طاغوتی قوتوں کو شکست دے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں ربیع الاول کے سلسلے میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سردار موارہن خان اور اراکین امن کمیٹی نے شرکت کی۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ اس مہینے کی برکت سے ہمیں اتحاد و اخوت کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ معاشرے میں امن قائم رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اس سال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اجتماعات کو بھرپور میونسپل سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران اپنے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیں گے۔

ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے تمام مذہبی سرگرمیوں کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور ضلع و تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے جہاں سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کی جائے گی۔\378