Live Updates

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو نگر انتظامیہ کی جانب سے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی، ریلیف سرگرمیوں اور درپیش مسائل کے حل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی

ہفتہ 30 اگست 2025 17:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کوضلع نگر انتظامیہ کی جانب سے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی، ریلیف سرگرمیوں اور درپیش مسائل کے حل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور متاثرہ علاقوں کی جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ضلع نگر میں بجلی کی مکمل فراہمی اور بجلی سے متعلق مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے ایس کام نیٹ ورک کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور کمیونی کیشن کی بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے بھی اعلیٰ حکام سے رابطے کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، نگر چھپروٹ روڈ کی میٹلنگ کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ٹکر کوٹ نگر میں سیلاب سے متاثرہ پل کی بحالی کے لیے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے کام کے فوری آغاز کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان متاثرہ عوام کے ساتھ ہے اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بحالی کے تمام اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات