ڈپٹی کمشنر لاہور کا ایم ڈی واسا کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا

ہفتہ 30 اگست 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے مون سون بارشوں کے نویں اسپیل کے دوران شہریوں کے تحفظ اور شہر کی بحالی کے لیے انتہائی موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ انتظامیہ نے ہائی الرٹ رہتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا اور پیشگی اقدامات مکمل کیے۔

ڈی سی سید موسیٰ رضا نے قرطبہ چوک، لبرٹی، قذافی اسٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا جہاں ایم ڈی واسا ان کے ہمراہ تھے۔ واسا حکام نے نکاسی آب کے آپریشنز پر بریفنگ دی اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو پوری استعداد پر چلانے کی ہدایت کی گئی۔ انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور نکاسی آب مکمل ہونے تک موجود رہنے کی تاکید کی۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رکھا گیا۔ بارش کے بعد علاقوں کی فوری کلیئرنس اور سڑکوں اور نشیبی علاقوں کو صاف کرنے کو اولین ترجیح دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر اور بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو اور ہنگامی صورت میں ہیلپ لائن 03070002345 پر فوری اطلاع دی جائے۔ ان کی سربراہی میں انتظامیہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور مون سون کے دوران موثر اقدامات سے شہر کی معمول کی زندگی کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :