ساؤتھ ایشین جرنلسٹس فیڈریشن کی غزہ میں صحافیوں کے قتل کی مذمت

ہفتہ 30 اگست 2025 20:55

ا*اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) ساؤتھ ایشین جرنلسٹس فیڈریشن نے غزہ میں صحافیوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت اور جمہوری اقدار پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔فیڈریشن کے صدر گیتارتھا پتھک نے اپنے بیان میں کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانا نہ صرف ایک سنگین جرم ہے بلکہ یہ عوام کے جاننے کے حق کو سلب کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافت ایک ایسا پیشہ ہے جو بھاری خطرات کے باوجود سچائی کو دنیا کے سامنے لاتا ہے اور اس پر ہونے والا حملہ دراصل جمہوریت پر حملہ ہے۔سیکرٹری جنرل شکیل احمد نے کہا کہ صحافی جنگ اور تنازعہ زدہ علاقوں میں سچائی کی آواز بنتے ہیں، اور ان کا قتل پوری انسانیت کا نقصان ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں ہونے والے ان المناک واقعات کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ساؤتھ ایشین جرنلسٹس فیڈریشن نے شہید صحافیوں کے اہل خانہ اور ساتھیوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کی قربانیوں کو تسلیم کرے اور ایسے اقدامات کرے جس سے میڈیا کے نمائندے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالے بغیر سچ کو دنیا تک پہنچا سکیں۔