سلمان آغا نے میچ جیتنے کے باوجود ٹیم کی خامی بیان کردی

ْ میچ ضرور جیتے ہیں لیکن آخری پانچ اوور میں بولنگ مزید بہتر کرنا ہوگی،میچ کے بعد بات چیت

اتوار 31 اگست 2025 11:40

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے یو اے ای سے میچ جیتنے کے باوجود ٹیم کی خامی بیان کردی۔شارجہ میں یو اے ای سے میچ جیتنے کے بعد سلمان آغا نے کہا کہ میچ ضرور جیتے ہیں لیکن آخری پانچ اوور میں بولنگ مزید بہتر کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی کارکردگی بہت اچھی رہی، حسن نواز شاندار ٹیلنٹ ہے اور اس نے پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

دوسری جانب یو اے ای کے کپتان محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے پندرہ سے بیس رنز زیادہ بنوادیے، بولرز نے آخری اوورز میں زیادہ رنز دے دیے تھے ورنہ میچ مزید دلچسپ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ آصف خان نے لاجواب اننگ کھیلی، مڈل آرڈر میں کوئی ساتھ دیتا تو کچھ بھی ہوسکتا تھا۔

(جاری ہے)

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 208 رنز کے تعاقب یو اے ای کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی تھی، صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آصف خان کی 77 رنز کی دھواں دھار اننگز رائیگاں گئی، کپتان محمد وسیم 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔اوپنر محمد زوہیب 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ایتھن ڈی سوزا 3 رنز بناسکے، راہول چوپڑا کو 11 رنز پر محمد نواز نے آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین اور محمد نواز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔