جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی پولیس وین سے ٹکرا گئی، ایک اہلکار شہید، ایک زخمی

تھانہ ہمک کی ٹیم نائٹ پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کے لیے روات ٹی چوک کے قریب موجود تھی:پولیس

اتوار 31 اگست 2025 12:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)راولپنڈی میں جی ٹی روڈ پر روات ٹی چوک اسلام آباد کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق تھانہ ہمک کی ٹیم نائٹ پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کے لیے روات ٹی چوک کے قریب موجود تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی پولیس موبائل سے ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

ٹکر اتنی شدید تھی کہ پولیس موبائل اور کار دونوں کو شدید نقصان پہنچا، حادثے کے نتیجے میں موبائل وین میں سوار پولیس اہلکار ڈرائیور تحسین موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ساجد نامی اہلکار شدید زخمی ہوا جنہیں اسپتال منتقل کردیاگیا۔حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کار کو قبضے میں لے کرمقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔