سلمان آغا اگر ناکام ہوئے تو پاکستان مشکل میں آجائے گا‘رمیز راجہ

ٹاپ آرڈر نے اچھی شروعات کی لیکن کسی نے بڑی اننگز نہیں کھیلی، کوئی 15، 50 اور کوئی 10 پر آؤٹ ہوگیا،گفتگو

اتوار 31 اگست 2025 12:35

جہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء) پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا نے سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں افغانستان کے خلاف پاکستان کی جیت کا کریڈٹ کپتان سلمان علی آغا کو دیا اور بیٹنگ لائن پر تنقید بھی کردی۔پاکستان اور افغانستان کے میچ کے بعد اپنے یوٹیوب چینل پر رمیز راجا نے کہا کہ ایک مرحلے پر میچ افغانستان کی طرف سے جا رہا تھا اور اگر سلمان علی آغا رنز نہ بناتے تو پاکستان شدید مشکلات میں پڑ سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس پچ پر 182 رنز بنائے لیکن اس کے باوجود ایسا لگ رہا تھا کہ افغانستان کے پاس جیتنے کا موقع ہے اگر سلمان آغا ناکام ہوجاتے تو پاکستان کے لیے حالات بہت مشکل ہوسکتے تھے۔پاکستان کے مڈل آرڈر پر تنقید کرتے ہوئے راجہ نے کہا کہ کوئی بھی بلے باز کریز پر رک نہیں سکا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان نے کہا کہ ٹاپ آرڈر نے اچھی شروعات کی لیکن کسی نے بڑی اننگز نہیں کھیلی، کوئی 15، 50 اور کوئی 10 پر آؤٹ ہوگیا، جب آپ افغانستان بیک فٹ پر تھا تو وکٹیں اتنی لاپرواہی سے کیوں گر رہی تھیں۔

راجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی بلے بازوں کو زیادہ ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات میں آپ کو ذہانت کے ساتھ بیٹنگ کرنی ہوگی، اور سلمان علی آغا نے بالکل ایسا ہی کیا، اگر وہ جلد آؤٹ ہو جاتے تو پاکستان 150 تک پہنچنے کے لیے جدوجہد کرتا، اور افغانستان میچ جیت لیتا۔