وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق سے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے وفد کی ملاقات

اتوار 31 اگست 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق سے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے وفد نے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان اللہ کی قیادت میں ملاقات کی ہے ۔ اتوار کو وزیراعظم آزادکشمیر آفس میڈیا ونگ کے مطابق اس موقع پر وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم ، سیکرٹری خوراک ،وائس چییرمین فوڈ اتھارٹی سہیل اعظم ،ڈائریکٹر فوڈ سیکرٹری فوڈ اتھارٹی عبدالحمید کیانی ، مہوش خادم ،شعیب خورشید و دیگر افسران جبکہ وفد میں سینئر نیشنل پروگرام مینجر ضمیر حیدر ،حفیظ اللہ اور امتیاز علی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے شہریوں کو معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فوڈ اتھارٹی ڈویژن ،ضلعی اور تحصیل لیول پر اشیاء خوردو نوش کی معیاری فراہمی کو یقینی بنائے، معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے محکمے کے افسران و اہلکاران مشنری جذبے سے کام کریں ۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ انٹرنیشنل ادارے کی محکمے کے ساتھ کوآرڈی نیشن سے محکمے کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے چیکنگ کے نظام کو مؤثر انداز میں جاری رکھیں ، فوڈ اتھارٹی کو ضلعی سطح پر مضبوط بنایا جائے گا اور انہیں تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ وزیر خوراک کی سربراہی میں محکمے نے آزادکشمیر میں فعالیت قائم کی ہے جس سے شہریوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔

ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان اللہ نے کہا کہ ادارہ آزادکشمیر میں اپنی خدمات بغیر کسی معاوضے کے پیش کر رہا ہے ، ادارے نے 40 فوڈ آفیسرز کی تربیت کی ہے اور ادارے کا مقصد معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے معاونت فراہم کرنا ہے ۔نیوٹریشن انٹرنیشنل کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر نے وزیراعظم کو فوڈ اتھارٹی کیلئے چیکنگ ایکوپمنٹ پیش کئے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر کو شیلڈ بھی پیش کی۔