Live Updates

{ سینیٹر حافظ عبدالکریم کا بھارت کی آبی جارحیت پر شدید احتجاج

ض*مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رضاکار متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف

اتوار 31 اگست 2025 18:40

، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2025ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بھارت کی جانب سے مسلسل آبی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے پانی کو جمع کرنے اور پھر اسے اچانک چھوڑنے سے پاکستان کے کئی علاقے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

سیلاب کی حالیہ تباہ کاریاں اسی بھارتی رویے کا نتیجہ ہیں جس سے کسان، دیہات اور شہری علاقے بدترین مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔حافظ عبدالکریم نے کہا کہ بھارت کی اس آبی جارحیت نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے، کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور بنیادی انفراسٹرکچر بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی اس آبی جارحیت کا سخت نوٹس لیا جائے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور رضاکار دن رات متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عوام کو بھی اپیل کی کہ وہ حکومت پاکستان اور پاک افواج کے جوانوں کے کندھے سے کندھا ملا کر سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں مدد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت سیاسی انتشار کا نہیں بلکہ یکجہتی اور اجتماعی کوششوں کا ہے۔ پوری قوم کو متاثرین کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو سہارا دیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات