Live Updates

وزیر اعلی مریم نواز کا فوکس سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے، عظمی بخاری

اتوار 31 اگست 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز کا فوکس سیلاب متاثرین کو ریلیف دینا ہے ، مخصوص ٹولہ مشکل کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہمدردی کی بجائے پروپیگنڈہ کر رہا ہے ، پنجاب حکومت اپنے ممکنہ وسائل سے شہریوں کو تمام امدادی سرگرمیاں مہیا کررہی ہے۔اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کا سارا فوکس سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے،7 لاکھ 60 ہزارسیلاب متاثرین کو بروقت ریسکیو کرنا کوئی چھوٹا کام نہیں، وزیر اعلی مریم نواز کی پہلی ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ ہے، متاثرہ شہریوں کے ساتھ ساتھ ان کے مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، کلینک آن ویلز نے متاثرہ شہریوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایات پر صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنر اور ڈی سی متاثرہ افراد کو خیمے، چارپائیاں اور کھانا فراہم کررہے ہیں، پنجاب کو تاریخ کے بڑے سیلاب کا سامنا اور اس کے مطابق بڑے ریسکیو آپریشن پر کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چند شر پسند عناصر فیک نیوزسے معاشرے میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ مصیبت میں گھرے لوگوں کی امداد کرنا ہے جبکہ ایک مخصوص ٹولہ مشکل کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہمدردی کی بجائے پروپیگنڈے کررہا ہے، قوم کے جب بھی متحد ہونے کا موقع ہوتا ہے یہ ٹولہ اپنی شر انگیزیاں شروع کردیتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات