دودھ اور گوشت کو بہتر سے بہترین بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ڈی جی فوڈ

اتوار 31 اگست 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) لاہور میں خوراک کی تیاری سے ترسیل تک کڑی نگرانی جاری ہے، ڈی جی فوڈ عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا لاہور، شیخوپورہ کے علاقوں میں کریک ڈائون جاری ہے، 104 فوڈ پوائنٹس، یونٹس اور ڈیری شاپس کی چیکنگ کے دوران 3 پوائنٹس بندکئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 16کو 1لاکھ 67ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، 2ہزار750لٹر دودھ تلف،140کلو سے زائد ناقص گوشت، ایکسپائر بیکری اشیا، ساسز اور باسی سبزیاں تلف کی گئی، مزید برآں مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی مختلف اشیا خورونوش کے 9سیمپل بھی لیے گئے، ملاوٹی دودھ کی لاہور میں سپلائی ناکام بناتے ہوئے کالا شاہ کاکو میں سپلائر گاڑیاں پکڑی گئیں، ریسٹورنٹس میں ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ نے بتایا انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکلز عدم موجود پائے گئے، فنگس زدہ فریزر، ٹوٹے گندے فرش پر اشیا خورونوش تیار کی جا رہی تھیں۔ گوشت کو دھونے کے لیے گندے، ناقص پانی کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ خوراک کی تیاری میں ناقص اجزا کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا دودھ گوشت کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ خوراک میں جعلسازی کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ شہری دودھ کو استعمال سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کروائیں، شکایت کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔