کراچی کی بربادی میں پیپلزپارٹی کیساتھ جماعت اسلامی بھی ذمہ دار ہے،ترجمان جے یو آئی

کراچی کے عوام کی بدقسمتی ہے پیپلزپارٹی سے پی ٹی آئی تک سب نے اس شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا،اسلم غوری

اتوار 31 اگست 2025 18:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ شہر قائد کی بربادی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ جماعت اسلامی کی سیاست بھی ذمہ دار ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں اسلم غوری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اہلیت اور طرز حکمرانی ہمیشہ کراچی کی ایک بارش میں بہہ جاتی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اور میئرکراچی ٹی وی پر جوکہتے ہیں، ایک ہی بارش سب بے نقاب کر دیتی ہے، ٹی وی اسکرین پر نظر آنے والے اربوں کے منصوبے خوابوں میں بنائے جاتے ہیں۔

ترجمان جے یو آئی نے جماعت اسلامی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بربادی میں پیپلزپارٹی کے ساتھ جماعت اسلامی کی سیاست بھی ذمہ دار ہے، بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی کی سودے بازی واضح نظر آ رہی ہے۔ اسلم غوری نے کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے باسیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، کراچی کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ پیپلزپارٹی سے پی ٹی آئی تک سب اس شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا برتاؤ کیا۔