Live Updates

{ملک فیصل ایوب کھوکھر کیجانب سے سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم

ش*حکومت پنجاب اپنی مصیبت زدہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے، صوبائی وزیر کھیل و لیبر

اتوار 31 اگست 2025 20:35

۷ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2025ء) صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہم سب پر فرض ہے اور سیلاب متاثرین کے ساتھ مصیبت کی گھڑی میں کھڑا ہونا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ وہ گزشتہ روز مراکہ، ملتان روڈ اور خودپور میں قائم ریلیف کیمپس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر ایم این اے ملک افضل کھوکھر اور ایم پی اے ملک انس محمود کھوکھر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر نگرانی متاثرہ خاندانوں میں راشن اور امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ صوبائی وزیر اور دیگر نمائندگان کشتیوں پر سوار ہوکر براہِ راست متاثرین تک پہنچے اور انہیں کھانے پینے، رہائش اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن اور ریلیف کے دیگر اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سمیت تمام متعلقہ محکمے بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور حکومت پنجاب ہر گاؤں اور قصبے تک امداد پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں کیونکہ عوامی تعاون ہی اس مشکل گھڑی میں سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب اپنی مصیبت زدہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ریلیف آپریشن کو مزید تیز کرنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات