روزگارکے مواقع بڑھانے اور غربت کے خاتمے کیلئے دنیا بھر میں جنگلات کا پائیدار انتظام ضروری ہے، عالمی بینک

پیر 1 ستمبر 2025 12:58

روزگارکے مواقع بڑھانے اور غربت کے خاتمے کیلئے دنیا بھر میں جنگلات کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) عالمی بینک نے جنگلات کے تحفظ اوراسے فروغ دینے کی کوششوں کوتقویت دینے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ روزگارکے مواقع بڑھانے اور غربت کے خاتمے کیلئے دنیا بھر میں جنگلات کا پائیدار انتظام ضروری ہے۔ یہ بات عالمی بینک کی جنگلات بارے ایک حالیہ مطالعاتی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیابھرمیں جنگلات سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو روزگار فراہم ہورہاہے، حالیہ ماحولیاتی اورموسمیاتی تبدیلیوں کے تناظرمیں سبز معیشت کوفروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ جنگلات دنیا کی تقریباً ایک تہائی زمین پر پھیلے ہوئے ہیں۔جنگلات فضا کو صاف، زمین کو زرخیز اور پانی و خوراک کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

دیہی اور غریب علاقوں میں جنگلات کو مقامی برادریوں کی زندگی کا سہارا سمجھا جاتا ہے۔ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 1.2 ارب افراد اپنی گزر بسر ایگرو فاریسٹری نظام پر کرتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 4.17 ارب افراد جنگلات سے 5 کلومیٹر کے دائرے میں بستے ہیں جن میں سے 3.27 ارب لوگ محض ایک کلومیٹر کے فاصلے پر رہتے ہیں۔ استوائی ممالک میں جنگلات سے ملنے والی آمدنی مقامی لوگوں کی معیشت کا حصہ ہے۔ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ جنگلات کی کٹائی اور زمین کی زوال پذیری دنیا بھر میں تقریباً ایک چوتھائی زمین کو غیر پیداواری بنا رہی ہے، جس سے 3.2 ارب افراد متاثر ہیں۔

جنگلات کی تباہی اور زوال پذیری عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں تقریباً 12 فیصد حصہ ڈالتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زمین کے استعمال میں تبدیلی بالخصوص جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے 1960 سے اب تک رپورٹ ہونے والی 30 فیصد نئی بیماریوں کی وجہ بنی ہے جنگلات کم ہونے سے ڈینگی،ملیریا اوردیگروبائی امراض میں تیزی سے اضافہ ہواہے جبکہ جانوروں اورانسانوں میں قربت بڑھنے سے ایبولا، سارس اور ایچ آئی وی جیسے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

رپورٹ میں ”ون ہیلتھ“ نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت پرزوردیاگیاہے جس میں انسان، حیوانات اور ماحولیاتی صحت کو یکساں اہمیت دی جائے۔ عالمی بینک نے جنگلات کے ویلیو چینز میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت پرزوردیاہے تاکہ زیادہ روزگار، بہتر آمدنی اور پائیدار جنگلات کو یقینی بنایا جا سکے۔