Live Updates

فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران انتقال کنے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب نے منظوری دیدی، اے سی فرقان احمد خان کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے گرانٹ بھی دی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 ستمبر 2025 13:54

فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران انتقال کنے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی کو اعلیٰ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 ستمبر 2025ء ) پنجاب حکومت نے صوبے میں فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران انتقال کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اے سی فرقان احمد کیلئے اعلیٰ سول ایوارڈ اور ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ فلڈ ریلیف کیلئے فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے فرقان احمد کے ورثا کو ایک کروڑ روپے گرانٹ بھی دی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ مرحوم فرقان احمد خان پتوکی سیلاب زدہ علاقے میں متاثرین کو ریسکیو و ریلیف آپریشن میں مصروف رہے، انہوں نے پتوکی میں سیلاب متاثرین کو خوراک، میڈیسن اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا مسلسل کام کیا، اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان کینسر مریض ہونے کے باوجود 4 دن سے مسلسل فلڈ ریلیف ڈیوٹی کر رہے تھے، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مرحوم فرقان احمد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مشکل ترین حالات میں عوام کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حقیقی ہیرو ہیں، فرقان احمد کی فرض شناسی یاد رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان سیلاب متاثرین کے لیے کیے جانے والے انتظامات کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود اور بلوکی ریسٹ ہاؤس میں رہائش پذیر تھے جہاں گزشتہ رات وہ ریسٹ ہاؤس جا کر سوگئے اور صبح دیر تک نہ اٹھے تو ان کے گن میں کانسٹیبل اسد نے بیڈ روم میں دیکھا تو وہ موجود نہ تھے، انہیں باہر بھی تلاش کیا گیا اور جب واش روم کو دیکھا گیا تو اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد خان اوندھے منہ زمین پر گرے ہوئے تھے اور ان کے سر سے خون بہہ رہا تھا، جس پر گن مین اسد نے فوری طور پر ریسکیو اور ڈی ایس پی پتوکی کو اطلاع دی اور ریسکیو کو طلب کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق ہوئی۔

معلوم ہوا ہے کہ واقعے کا علم ہونے کے بعد تھانہ سرائے مغل پولیس نے فرانزک ٹیم کو طلب کیا اور موقع سے تمام شواہد اکٹھے کیے گئے، جن سے پتا چلا کہ اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد خان مرگی کے دورے پڑنے کی میڈیسن بھی استعمال کرتے تھے جو ان کے کمرے سے بھی ملی ہیں، جب کہ واش روم میں گرنے سے سر پر شدید چوٹ آئی جس سے ان کی موت واقع ہوئی تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فرانزک رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات