گلگت بلتستان ہیلی کاپٹر حادثہ؛ عملے کے 5 ارکان کے شہید ہونے کی تصدیق

صوبائی حکومت نے دیامر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 ستمبر 2025 13:38

گلگت بلتستان ہیلی کاپٹر حادثہ؛ عملے کے 5 ارکان کے شہید ہونے کی تصدیق
گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 ستمبر 2025ء ) گلگت بلتستان ہیلی کاپٹر حادثے میں عملے کے 5 ارکان کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا جس کے حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ سمیت عملے کے 5 ارکان شہید ہوگئے، یہ افسوسناک حادثہ چلاس کے علاقے ہڈر میں پیش آیا جہاں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ افراد شہید ہو گئے، حادثہ معمول کی پرواز کے دوران پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے دیامر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر نے دیامر میں ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراقی نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر تھور چلاس میں گر کر تباہ ہوا، ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور تکنیکی عملے کے 3 ارکان سوار تھے۔

(جاری ہے)

دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عبدالحمید نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ایک مجوزہ نئے ہیلی پیڈ پر ٹیسٹ لینڈنگ کر رہا تھا کہ اس دوران حادثے کا شکار ہوگیا، ہیلی کاپٹر کے اس حادثے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے اطلاعات ہیں، دیامر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، تاہم حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابھی تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔