Live Updates

معروف اداکارہ عارفہ صدیقی کا گھر بھی سیلاب میں زیرآب، ہر طرف پانی اور کیچڑ بھر گیا

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں عارفہ صدیقی کو اپنے شوہر کے ہمراہ سیلابی پانی اترنے کے بعد گھر کی صفائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 ستمبر 2025 12:29

معروف اداکارہ عارفہ صدیقی کا گھر بھی سیلاب میں زیرآب، ہر طرف پانی اور ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 ستمبر 2025ء ) معروف اداکارہ عارفہ صدیقی کا گھر بھی سیلاب میں زیرآب آگیا جہاں ہر طرف پانی اور کیچڑ بھر گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جاری سیلاب کے دوران دریائے راوی میں طغیانی کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے سیلاب کا پانی دریا کے قریب موجود ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بھی داخل ہوا، جس کے نتیجے میں کئی گھر متاثر ہوئے، اس دوران لاہور کی پارک ویو سوسائٹی میں دریائے راوی کا سیلابی پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث سوسائٹی کے کئی گھر زیرِ آب آگئے اور سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پارک ویو سوسائٹی کے کئی رہائشیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے گھروں کے زیر آب آنے کی ویڈیوز شیئر کی گئیں جن میں معروف گلوکارہ و اداکارہ عارفہ صدیقی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ عارفہ صدیقی نے سوشل میڈیا پر اپنے گھر کی ویڈیو شیئر کی جس میں سیلابی پانی اترنے کے بعد ان کے گھر کی حالت دیکھی جاسکتی ہے جہاں قیمتی سامان بکھرا پڑا ہے اور گھر میں ہر طرف سیلابی پانی بھرنے کی وجہ سے کیچڑ بھی پھیلا نظر آرہا ہے، ویڈیو میں عارفہ صدیقی کے گھر کی حالت کافی خراب نظر آرہی ہے جب کہ گھر کا سامان بھی سیلابی پانی کی وجہ سے شدید متاثر ہوا دکھائی دیا جب کہ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں عارفہ صدیقی کو اپنے شوہر کے ہمراہ سیلابی پانی اترنے کے بعد گھر کی صفائی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں لاہور کی معروف پارک ویو سوسائٹی کے گھروں میں دریائے راوی کا سیلابی پانی داخل ہونے پر ڈاکٹر نبیہہ علی کی جانب سے بھی شدید برہمی کا اظہار کیا گیا تھا، سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت پارک ویو سوسائٹی میں موجود ہوں جہاں سے لوگ اپنی گاڑیوں میں نکل رہے ہیں کیوں کہ پلاٹیٹینم بلاک میں پانی بھر چکا ہے، لوگوں کے گھروں میں پانی چلا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگ یہاں سے نکل رہے ہیں، میرا اپنا گھر پلاٹینیم سے آگے اوورسیز بلاک میں ہے جہاں پانی چلا گیا اور میرے گھر والے مجھ سے پہلے وہاں سے چلے گئے میں اب آئی ہوں تو مجھے پتا چلا اور ہم گھر لاک کرکے یہاں سے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے علیم خان یہ جواب دیں کہ یہ دریا کی زمین ہے، دریائے راوی یہاں پر لگتا ہے، کس سمجھدار انسان نے عقل دی تھی کہ یہاں پر سوسائٹی بنا لیں؟ کروڑوں روپے کے ہمارے گھر یہاں پر موجود ہیں، جن گھروں میں ہم رہتے ہیں جہاں ہماری کروڑوں روپے کی چیزیں پڑی ہیں جن کو ہم بے یار و مددگار چھوڑ کر یہاں سے جارہے ہیں کیوں کہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات