حکومت پائیدار اور جامع معاشی نمو کے لیے اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب

پیر 1 ستمبر 2025 12:05

حکومت پائیدار اور جامع معاشی نمو کے لیے اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان اصلاحات کے ایجنڈے کوآگے بڑھانے میں پُرعزم ہے، چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کو بے حد اہمیت دے رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات بیجنگ میں چین کے ہونگتا سیکیورٹیز کے چیئرمین جِنگ فینگ سے اہم ملاقات میں کہی۔

وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حکومت پائیدار اور جامع معاشی نمو کے لیے اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے پاکستان کی معیشت پر بڑھتے اعتماد کو خوش آئند قرار دیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موڈیز نے پاکستان کی درجہ بندی’’ سی اے اے 2 ‘‘سے بڑھا کر’’سی اے اے 1‘‘(مستحکم آؤٹ لک)، فِچ نے ’’ٹرپل سی پلس‘‘ سے ’’بی مائنس‘‘ (مستحکم آؤٹ لک) جبکہ اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز نے بھی پاکستان کی درجہ بندی ’’ٹرپل سی پلس ‘‘سے بڑھا کر’’بی مائنس ‘‘(مستحکم آؤٹ لک) کر دی ہے۔ فریقین نے کیپٹل مارکیٹس میں تعاون بڑھانے اور پاکستان و چین کے مالیاتی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرِ خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی مالیاتی آپشنز کو متنوع بنانے اور عالمی و چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اصلاحات کے ایجنڈے کوآگے بڑھانے میں پرعزم ہے اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم مل کر ایسے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں جو دونوں ممالک کی معیشتوں کو مزید تقویت دیں گے اور مالیاتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔\932