افغانستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی

زلزلے کا مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیرِ زمین تھا جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، مزید پانچ آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 ستمبر 2025 14:15

افغانستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی
کابل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 ستمبر 2025ء ) افغانستان حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ کنڑ میں رات گئے آنے والے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، زلزلے کا مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیرِ زمین تھا جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے بعد مزید پانچ آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جن کی شدت 4.3 سے 5.2 کے درمیان رہی، زلزلے سے سب سے زیادہ جانی نقصان نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ اضلاع میں ہوا جہاں کئی گاؤں مکمل طور پر مٹی تلے دب گئے۔

خدشہ ہے کہ اب بھی سینکڑوں لوگ ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں، جن کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور وزارتِ دفاع، داخلہ اور صحت کی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمیوں کو ننگرہار ریجنل ہسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ زلزلے کے جھٹکے ننگرہار، لغمان، کابل اور پاکستان میں خیبر پختونخواہ کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اس سے پہلے 2023 میں 7 اور 15 اکتوبر کے درمیان مغربی افغانستان کے صوبہ ہرات میں 6.3 کی شدت کے چار بڑے زلزلے آئے تھے جن میں 2 ہزار 445 افراد جاں بحق، ہزاروں زخمی اور دسیوں ہزار متاثر ہوئے یا انہیں امداد کی ضرورت پڑی، اس وقت 1 ہزار 320 مکانات کو زلزلے سے نقصان پہنچا تھا جن میں سے کئی مکمل طور پر زمین بوس ہوگئے تھے، یہ زلزلے کے شکار پہاڑی ملک کو برسوں میں لرزنے والے سب سے مہلک جھٹکے تھے، ان زلزلوں میں ہلاک ہونے والوں میں 90 فیصد سے زیادہ خواتین اور بچے تھے، افغانستان میں اکتوبر 2023ء کے زلزلے اس سال دنیا کے مہلک ترین زلزلوں میں شامل تھے اور فروری میں ترکی اور شام میں آنے والے زلزلوں سمیت 2023ء کے زلزلوں میں تقریباً 50 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔